سندھ میں تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں ہفتہ کی تعطیل بحال
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل ہوگی۔
اس فیصلے کے تحت پیر سے جمعہ تک تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔
سندھ حکومت کے مطابق یہ فیصلہ کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں 6 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ محکمۂ اسکول ایجوکیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اسکول یکم اگست 2026 سے ہفتے میں 6 دن کھلے رہیں گے، تاہم اب وزیرِ اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد ہفتہ اور اتوار کو دوبارہ تعطیل رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔