World
سعودی عرب کیخلاف کارروائیوں کے احکامات ایران سے نہیں آتے: حوثی عہدیدار
انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے عہدیدار نصر الدین امیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی کارروائیوں کے احکامات ایران سے نہیں آ رہے اور انہیں اقدامات کے لیے تہران سے ہدایات لینے کی ضرورت نہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نصر الدین امیر نے کہا کہ حوثیوں کی فوجی کارروائیوں کی وجہ سعودی جارحیت ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کی اقتصادی اور فضائی ناکہ بندی نے دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک پیدا کیا ہے۔
حوثی عہدیدار نے کہا کہ سعودی جارحیت حوثیوں کو فیصلہ کن کارروائیوں میں اضافے پر مجبور کرنے کے لیے کافی ہے اور اس کے لیے کسی دوسرے ایجنڈے یا بیرونی ہدایات کی ضرورت نہیں۔
نصر الدین امیر کے مطابق حوثیوں کی فوجی کارروائیاں رکوانے کے لیے سعودی ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے۔