دھرناختم ہوا تو راولاکوٹ میں 20 یا 21 اگست تک انتخابات ممکن ہیں: الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ اگر آئندہ 3 سے 4 روز میں راولاکوٹ میں جاری دھرنے کا معاملہ حل ہوگیا تو وہاں 20 یا 21 اگست تک انتخابات کرائے جا سکتے ہیں۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر باغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں اضلاع میں سیکیورٹی اہلکار پہنچ چکے ہیں جبکہ پولنگ میٹریل کی ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں جاری ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق 9 اور 10 اگست کو باغ اور حویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئندہ 7 روز میں راولاکوٹ میں پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔
غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کا جواب بیان بازی سے نہیں دیا جا سکتا۔ انتخابات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے کہ دھاندلی ہوئی یا نہیں اور اگر ہوئی تو کس نے کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ووٹوں کی گنتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں کی جاتی ہے اور انتخابی عمل کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔