Pakistan

عمرہ ویزے کی آڑ میں جنسی استحصال کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 2 گرفتار

عمرہ ویزے کی آڑ میں جنسی استحصال  کی کوشش ناکام، خاتون سمیت 2 گرفتار
۱ منٹ پہلے

ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے ویزے کی آڑ میں مبینہ جنسی استحصال اور انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر خاتون سمیت 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

 

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جانے کے لیے پہنچنے والے دونوں مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک حرکات پر روک کر پوچھ گچھ کی گئی، جس کے دوران کمرشل جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے۔

 

ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کے موبائل فونز، چیٹس اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی جانچ کے دوران کمرشل جنسی استحصال سے متعلق مبینہ شواہد ملے، جبکہ تفتیش کے دوران جنسی استحصال کے ایک منظم نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات بھی حاصل کی گئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک ایجنٹ نے عمرے کے ویزے کی آڑ میں دونوں مسافروں کو سعودی عرب بھجوانے کے انتظامات کیے تھے، جہاں انہیں مبینہ طور پر کمرشل جنسی استحصال کا نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا۔

 

ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کے زیرِ استعمال موبائل فونز اور دیگر متعلقہ مواد کو مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا ہے۔ دونوں مسافروں کو موبائل فونز اور دیگر شواہد سمیت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 

ترجمان کے مطابق کمرشل جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر عناصر کی شناخت کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ منظم نیٹ ورک میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں