لاہور میں جڑواں بہنوں نے میٹرک میں یکساں نمبر حاصل کرلیے
قصور کے ٹریفک وارڈن عمران منیر کی جڑواں بیٹیوں عریبہ عمران اور ہادیہ عمران نے لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیران کن طور پر یکساں نمبر حاصل کرلیے۔
دونوں بہنوں نے 1200 میں سے 1183، 1183 نمبر حاصل کیے۔ دونوں نے ایک ہی گھر میں پرورش پائی، ایک جیسی تربیت حاصل کی اور ایک ساتھ پڑھائی کی، جس کا نتیجہ بھی حیرت انگیز طور پر ایک جیسا نکلا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں بہنوں کے امتحانی مراکز ایک دوسرے سے کئی کلومیٹر کے فاصلے پر تھے جبکہ ان کے رول نمبرز بھی کافی فاصلے پر تھے۔ عریبہ عمران کا رول نمبر 112143 جبکہ ہادیہ عمران کا رول نمبر 113757 تھا، اس لیے امتحان کے دوران ایک دوسرے سے نقل کرنے کا سوال بھی پیدا نہیں ہوتا۔
دونوں طالبات کے مطابق وہ اکٹھی پڑھتی تھیں اور پڑھائی کے لیے تقریباً ایک ہی وقت مختص کرتی تھیں۔ عریبہ عمران نے کہا کہ ایک جیسے نمبر آنا ان کے لیے بھی حیران کن اور کسی عجوبے سے کم نہیں، خصوصاً اس لیے کہ دونوں کے امتحانی مراکز بھی ایک دوسرے سے کافی دور تھے۔
یہ منفرد کامیابی جڑواں بہنوں کے لیے نہ صرف تعلیمی کامیابی بلکہ ایک یادگار اتفاق بھی بن گئی ہے۔