Entertainment

صنم سعید کا درِ فشاں کےانگریزی لہجے کا دفاع

صنم سعید کا درِ فشاں کےانگریزی لہجے کا دفاع
۱ منٹ پہلے

پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے ساتھی اداکارہ درِ فشاں سلیم کے نئے ڈرامے ’درِ نجات‘ میں ان کے انگریزی بولنے کے انداز اور لہجے پرسوشل میڈیا صارفین کے رویے کو انتہائی نامناسب قرار دیا ہے۔

 

گزشتہ چند ہفتوں سے درِ فشاں سلیم کے ڈرامے ’درِ نجات‘ میں انگریزی بولنے کے انداز اور لہجے پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، جہاں متعدد صارفین نے اداکارہ کے لہجے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈرامے میں درِ فشاں سلیم زریاب نامی ایک خوشحال خاندان کی تعلیم یافتہ اور آزاد خیال بیٹی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لیے امریکا جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

 

  کردار کی مناسبت سے وہ اپنی بہن، دوستوں کے ساتھ زیادہ تر انگریزی میں گفتگو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔تاہم ناظرین کی ایک بڑی تعداد نے ان کے انگریزی لہجے کو کردار کے مطابق نہ ہونے پر اعتراض کیا، جس کے بعد اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

 

صنم سعید نے اپنی انسٹاگرام  سٹوری کے ذریعے درِ فشاں سلیم کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسی اداکار کے لہجے کو لے کر اس حد تک جنون میں مبتلا ہونا انتہائی فضول ہے۔ انہوں نے کہا کہ درِ فشاں سلیم کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر جس انداز میں تنقید اور تنقید برائے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ انتہائی بے رحمانہ اور دوسروں کے جذبات کا خیال نہ رکھنے والا رویہ ہے۔

 

صنم سعید کے مطابق کسی اداکار کی کارکردگی پر تنقید کرنا ناظرین کا حق ہے، تاہم تنقید اور ذاتی تضحیک کے درمیان فرق کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے درِ فشاں سلیم کے لہجے کو مسلسل تنقید کا موضوع بنانے کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی فنکار کی کارکردگی کے ایک پہلو کو بنیاد بنا کر اسے مسلسل نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں