افغانستان نےورلڈ کپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرلیا
افغانستان نے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے براہِ راست کوالیفائی بھی کرلیا۔ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
سول سروس کرکٹ کلب، اسٹورمونٹ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرش ٹیم 46.3 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے اے ایم غضنفر اور راشد خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، یامین احمدزئی نے 2 جبکہ فضل الحق فاروقی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے گیون ہوئی 36، کیڈ کارمائیکل 32، جائی مونڈرا 31 اور کپتان پال اسٹرلنگ 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
افغانستان نے 207 رنز کا ہدف 44.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ رحمان اللہ گرباز نے 77 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، جبکہ صدیق اللہ اٹل نے 27 اور حشمت اللہ شاہدی نے 22 رنز بنائے۔
راشد خان نے اختتامی لمحات میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 37 رنز بنائے اور افغانستان کو 7 وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے گیون ہوئی نے 34 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔