Sports

پاکستان میں 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

پاکستان میں 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس
۱ منٹ پہلے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مارچ 2027 میں پاکستان میں ہونے والے 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں  کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔

 

اجلاس میں کھیلوں کی تیاریوں کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اسحاق ڈار نے اہم امور کی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ یہ کمیٹیاں مالیاتی امور، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و اپ گریڈیشن، کھلاڑیوں کی تربیت و تیاری اور انتظامی و لاجسٹک معاملات کی نگرانی کریں گی۔

 

نائب وزیراعظم نے بروقت منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جنوبی ایشیائی کھیلوں کی میزبانی اعلیٰ ترین معیار کے مطابق کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل پاکستان کے لیے اپنے کھیلوں کے ٹیلنٹ، مہمان نوازی اور انتظامی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا اہم موقع ہیں۔

 

اسحاق ڈار نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن، دوستی، خیرسگالی اور ہم آہنگی کا پیغام بھی دیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ، وزارت خزانہ کے حکام اور پنجاب و خیبر پختونخوا حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں