Sports

پاکستانی ہاکی ٹیم کا جنوبی کوریا سے 4 میچز کی سیریز کا اعلان

پاکستانی ہاکی ٹیم کا جنوبی کوریا سے 4 میچز کی سیریز کا اعلان
۱ منٹ پہلے

پاکستان کی سینیئر ہاکی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف 4 میچز پر مشتمل بین الاقوامی سیریز کھیلے گی، جبکہ پاکستان وائٹس روس میں دو طرفہ سیریز میں حصہ لے گی۔

 

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق سینیئر ٹیم دورہ جنوبی کوریا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 4 بین الاقوامی میچز کھیلے گی، جس سے کھلاڑیوں کو بڑے عالمی مقابلوں سے قبل اہم مسابقتی تجربہ حاصل ہوگا۔

 

دوسری جانب روسی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان وائٹس کو 26 اگست سے 2 ستمبر تک سیریز کے لیے مدعو کیا ہے، جس میں 3 سے 4 میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔ سینیئر ٹیم کی عدم موجودگی میں پاکستان وائٹس میں سینیئر تربیتی کیمپ کے کھلاڑیوں کے ساتھ جونیئر کیمپ کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

 

پی ایچ ایف کے مطابق بین الاقوامی میچز کھلاڑیوں کو ضروری تجربہ فراہم کرنے اور مستقبل کے اہم مقابلوں کی تیاری میں مدد دیں گے۔

 

فیڈریشن نے انڈر 18، انڈر 21، خواتین اور انڈر 18 گرلز ٹیموں کے لیے بھی بین الاقوامی سرگرمیوں کا لائحہ عمل ترتیب دیا ہے، جبکہ ورلڈ کپ اور ایشین گیمز سمیت اہم ایونٹس بھی شیڈول میں شامل ہیں۔

 

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کی سینیئر و جونیئر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع فراہم کرنا اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں