مال روڈ واقعہ اشارہ ہے 27 ستمبر کو بھی ایسا ہوسکتا ہے،طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کا اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی واقعہ پیش آسکتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ اگر ایسا حملہ ہوا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی وجہ سے 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور اسی سوچ کے باعث مال روڈ کا واقعہ بھی ہوا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے بیانات اور تقریروں میں مسلسل نفرت اور انتشار کو ہوا دیتے رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پوسٹس ہمارے شہداء کی تضحیک کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وہ نفرت اور انتشار کی سیاست سے گریز کرے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت نہ بھرے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ اس کارکن سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق دوسری جانب پارٹی قیادت خود اسی کارکن کا دفاع بھی کرتی رہی ہے۔ یہ کارکن خیبر پختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرتا رہا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی آہستہ آہستہ خود کو ہی مائنس کر رہی ہے۔ راولپنڈی مال روڈ پر پیش آنے والے واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ان کے نتائج سامنے آئیں گے۔