Business

آسٹریلیا، باسمتی کے نام پر بھارت کی اپیل مسترد،اخراجات ادا کرنے کاحکم

آسٹریلیا، باسمتی کے نام پر بھارت کی اپیل مسترد،اخراجات ادا کرنے کاحکم
۱ منٹ پہلے

پاکستان نے باسمتی کے نام پر بھارت کی اجارہ داری کی کوشش ناکام بنا دی۔

 

آسٹریلیا کی وفاقی عدالت نے بھارت کی دائر کردہ اپیل مسترد کر دی۔ عدالت نے لفظ باسمتی کیس میں بھارتی ادارے اپیڈا کی اپیل خارج کر دی اور بھارتی ادارے اپیڈا کو فریق مخالف کے قانونی اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

 

وزارتِ تجارت کے مطابق باسمتی کیس میں آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق ہے۔ بھارتی ادارے نے لفظ باسمتی کو بطور ٹریڈ مارک رجسٹر کرانے کی درخواست دی تھی، جسے آسٹریلوی رجسٹرار آف ٹریڈ مارکس نے 2022 میں مسترد کر دیا تھا۔

 

اعلامیے کے مطابق آسٹریلوی حکام پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں کہ باسمتی چاول پاکستان میں بھی پیدا ہوتا ہے، پاکستانی تاجر اور برآمد کنندگان بھی باسمتی کا نام استعمال کر سکتے ہیں، جبکہ فیصلے سے باسمتی پر پاکستان کے تاریخی اور جغرافیائی حق کو تقویت ملی ہے۔

 

وزارتِ تجارت کے مطابق باسمتی پیداوار کا تاریخی تسلیم شدہ خطہ پاکستان اور بھارت کے علاقوں پر مشتمل ہے، کوئی ایک ملک یا ادارہ باسمتی کے نام پر اجارہ دارانہ حق کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ عدالتی فیصلہ پاکستان کے باسمتی کاشتکاروں، ملرز اور برآمد کنندگان کے لیے کامیابی ہے۔

 

اعلامیے کے مطابق فیصلے سے پاکستانی باسمتی کے تجارتی اور دانشورانہ املاک کے حقوق کا تحفظ ہوا، جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو آسٹریلیا میں مستند پاکستانی باسمتی کی مارکیٹنگ کا حق رہے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں