Sports

سٹارک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے پہلے بولر

سٹارک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے پہلے بولر
۱ دن پہلے

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل سٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

 

مچل اسٹارک نے یہ سنگِ میل بنگلہ دیش کے خلاف ڈارون میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوران حاصل کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیشی اوپنر شادمان اسلام کو نیتھن لائن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 434 تک پہنچا دی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے سری لنکا کے سابق سپنر رنگانا ہیراتھ کا 433 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

 

36 سالہ مچل سٹارک نے یہ کارنامہ اپنے 106ویں ٹیسٹ میچ میں انجام دیا۔ 434 وکٹوں کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی مجموعی فہرست میں بھارت کے سابق کپتان کپل دیو کے ساتھ مشترکہ طور پر 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

 

سٹارک اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں ٹاپ 10 میں شامل ہونے سے صرف 6 وکٹیں دور ہیں۔ جنوبی افریقہ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 439 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔

 

ٹیسٹ کرکٹ میں بائیں ہاتھ کے بولرز کی فہرست میں رنگانا ہیراتھ 433 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، پاکستان کے لیجنڈ وسیم اکرم 414 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

 

مچل اسٹارک نے اکتوبر 2010 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد وہ آسٹریلیا کی تینوں فارمیٹس کی ٹیموں کے اہم رکن رہے ہیں۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ، ٹی20 ورلڈ کپ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

 

ون ڈے کرکٹ میں بھی اسٹارک نے 130 میچز میں 247 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ وہ آسٹریلیا کی 2015 اور 2023 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیموں کا حصہ تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں