Pakistan

ایف پی ایس سی کی تمام ویب سروسز پر آن لائن درخواستیں اور رجسٹریشن عارضی طور پر معطل

ایف پی ایس سی کی تمام ویب سروسز پر آن لائن درخواستیں اور رجسٹریشن عارضی طور پر معطل
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنی تمام ویب سروسز پر آن لائن ایپلیکیشن اور رجسٹریشن کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی۔

 

ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر ممکنہ سائبر سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کمیشن کی ویب سروسز کو عارضی طور پر محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق ایف پی ایس سی کی تمام ویب سروسز ریڈ اونلی موڈ  میں رہیں گی۔

 

ایف پی ایس سی کی ویب سروسز 13 اگست صبح 10 بجے سے 16 اگست دوپہر 12 بجے تک محدود رہیں گی۔ اس دوران صارفین ویب سائٹ پر موجود معلومات دیکھ سکیں گے، تاہم نئی آن لائن درخواستیں جمع کرانے اور رجسٹریشن سے متعلق سہولیات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔

 

کمیشن کے مطابق MPT 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن اور درخواست جمع کرانے کی سہولت بھی عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ MPT 2027 کی آن لائن رجسٹریشن 16 اگست دوپہر 12 بجے تک معطل رہے گی۔

 

ایف پی ایس سی نے بتایا کہ ویب سروسز کو ریڈ اونلی موڈ میں رکھنے کا مقصد ممکنہ سائبر خطرات کے دوران کمیشن کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور آن لائن نظام کو محفوظ بنانا ہے۔

 

کمیشن نے امیدواروں اور عوام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ عارضی معطلی کے دوران آن لائن رجسٹریشن یا درخواست جمع کرانے کی کوشش نہ کریں اور ویب سروسز کی بحالی کے بعد معمول کے طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

 

ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق ویب سروسز 16 اگست دوپہر 12 بجے کے بعد معمول کے مطابق بحال کردی جائیں گی۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی مزید ہدایات اور اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں