ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ربیع الاول 15 اگست، 12 ربیع الاول 26 اگست کو ہوگی
اسلام آباد: ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ اور 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔
ربیع الاول کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارتِ مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس کے بعد چاند کی رویت سے متعلق اعلان کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک کے کسی حصے سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حساب سے 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔
اس سے قبل سپارکو نے بھی 13 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم قرار دیے تھے۔
سپارکو کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 20 گھنٹے اور 53 منٹ ہوگی، جس کے باعث اس کے نظر آنے کے امکانات کم تھے۔
سپارکو نے پیشگوئی کی تھی کہ یکم ربیع الاول ہفتہ 15 اگست کو ہونے کا امکان ہے، تاہم چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان کرنے کا اختیار مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز اور 12 ربیع الاول یعنی عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخ واضح ہوگئی ہے۔