سپریم کورٹ نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور ملاقاتوں سے متعلق کیسز 18 اگست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیے
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق درخواستیں 18 اگست بروز منگل کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔
عدالتِ عظمیٰ میں کیسز کی سماعت کے لیے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ بینچ میں جسٹس نعیم افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور ان سے ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
کیسز میں عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی اور اہلِ خانہ و دیگر افراد سے ملاقاتوں کے حوالے سے اٹھائے گئے قانونی نکات کا جائزہ لیا جائے گا۔
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق معاملات میں انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ان سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی مقررہ قانونی اور عدالتی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے کیسز سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کے بعد 18 اگست کی کارروائی اہمیت اختیار کر گئی ہے، جس میں عدالت فریقین کے مؤقف اور متعلقہ قانونی نکات کا جائزہ لے گی۔