World

بھارت میں کئی اہم مقامات پر بم دھماکوں کی دھمکیاں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

بھارت میں کئی اہم مقامات پر بم دھماکوں کی دھمکیاں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
۱ گھنٹے پہلے

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں دہلی ہائی کورٹ، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ سمیت کئی اہم مقامات کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز ای میلز میں دعویٰ کیا گیا کہ ہفتے کے روز دوپہر 2 بج کر 11 منٹ پر دہلی ہائی کورٹ میں بم دھماکا کیا جائے گا، جس کے ایک گھنٹے بعد ضلعی عدالتوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

 

رپورٹس کے مطابق ای میل میں سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کا نام استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ تحریک کے ارکان دہلی پہنچ چکے ہیں۔

 

 دھمکیوں میں دہلی کی عدالتوں پر سکھوں کے خلاف مقدمات چلانے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے مزید 6 مقامات کو بھی دھمکیاں موصول ہوئیں، جن میں جمناگر ہاؤس، جھنڈیوالان عمارت، ساکیت دفتر، ضلعی مجسٹریٹ کا دفتر، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ کا ٹرمینل 3 اور دہلی کینٹ کا سب ڈویژنل مجسٹریٹ دفتر شامل ہیں۔

 

رپورٹس میں دہلی میٹرو اور امبالہ جانے والی ٹرینوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

 

اطلاع ملتے ہی مذکورہ مقامات پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کردی گئیں۔

 

 تاحال کسی مقام سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی، تاہم سیکیورٹی اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں