ناپا میں چاروں صوبوں اور خطوں کی ثقافت کے رنگ بکھر گئے
کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ناپا میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملک کے مختلف صوبوں اور خطوں کی ثقافت کو لوک گیتوں اور روایتی رقص کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی سیکریٹری ثقافت اسد رحمٰن گیلانی مہمانِ اعزاز تھے۔
ناپا کے چیئرمین سید جاوید اقبال، طلبہ، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے لوک گیت اور روایتی رقص پیش کیے گئے، جن کے ذریعے قومی یکجہتی اور ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا۔
تقریب کا اختتام جمیل الدین عالی کے مقبول نغمے ’میرا انعام پاکستان‘ کی اجتماعی پیشکش اور قومی ترانے سے ہوا۔
مہمانِ خصوصی اورنگزیب خان کھچی نے ناپا کے قومی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ ناپا کے فنکاروں پر مشتمل گروپ کو جلد اسلام آباد میں چینی وفد کے سامنے پرفارم کرنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔