کرتارپورگیا توپاکستان میں بہت پیار ملا،سنی دیول
بالی وڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کہا ہے کہ جب وہ کرتارپور راہداری گئے تو انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا۔
سنی دیول ان دنوں اپنی فلم ’بٹوارہ (1947)‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو گزشتہ روز بھارت سمیت کئی دیگر ممالک میں ریلیز ہوئی ہے۔ فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں اداکار نے فلم کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کرتارپور راہداری کے اپنے دورے کا تجربہ بھی بیان کیا۔
میزبان نے سنی دیول سے پوچھا کہ کیا وہ کبھی پاکستان گئے ہیں؟ اس پر اداکار نے کہا کہ وہ کبھی پاکستان نہیں گئے، تاہم ایک مرتبہ انہیں کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر وہاں جانے کا موقع ملا تھا۔
سنی دیول نے بتایا کہ چونکہ کرتارپور ان کے انتخابی حلقے میں تھا، اس لیے انہیں کرتارپور جانے والے وفد کا حصہ بنایا گیا تھا۔
اداکار نے کہا کہ انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا۔ ان کے مطابق وہاں موجود فوجیوں نے بھی ان سے محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی فلمیں نہیں بنانی چاہئیں جو پاکستان مخالف ہوں، کیونکہ وہ ان سے بہت محبت کرتے ہیں۔
سنی دیول نے بتایا کہ اس پر ان کا جواب تھا کہ وہ صرف ایک کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص اپنے ملک سے محبت کرتا ہے اور جو لوگ برے ہیں انہیں ختم کیا جانا چاہیے، تاہم معصوم شہریوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔