شاہ غلام قادرآزاد کشمیر کےنئے وزیر اعظم ہوں گے،مری اجلاس کی اندرونی کہانی
اسلام آباد (عدنان نصیر) شاہ غلام قادر ممکنہ طور پر آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مری میں میاں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے متعلق ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس بات کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس کا باقاعدہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
حویلی کے حلقے سے موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے الیکشن ہارنے والے لیگی امیدوار محسن عزیز کو اس موقع پر نواز شریف نے الگ بلا کر ان کی شکایات تفصیل سے سنیں، بعد ازاں فیصلہ کیا گیا انہیں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اسمبلی میں لایا جائے گا، نواز شریف نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کو ہرانے والے نومنتخب آزاد رکن اسمبلی ساجد اقبال عباسی اجلاس کے دوران مری میں موجود رہے اور آخری خبریں آنے تک وہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوشاں رہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت مری میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے وزیراعظم کے لیے شاہ غلام قادر کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی، جن کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے آئندہ مرحلے اور دیگر اہم سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت مسلم لیگ (ن) کی اہم قیادت شریک ہوئی۔ رانا ثنا اللہ، پرویز رشید، امیر مقام، احسن اقبال، محمد صفدر، طارق فضل چوہدری، انوشہ رحمان اور طلال چوہدری بھی اجلاس میں موجود تھے۔ آزاد کشمیر سے شاہ غلام قادر، راجا فاروق حیدر اور نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر نے مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی مجوزہ فہرست پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال کردی۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ماریہ اقبال، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔ علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام سامنے آیا ہے۔ اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے راجہ محمد جاوید کا نام فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف دیں گے، جس کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اگلے مرحلے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔