لیوی کے نام پر غریب کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، نعیم الرحمٰن
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ لیوی کے نام پر غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، حکومت آئے روز عوام پر پیٹرول بم پھینکتی ہے۔
لاہور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھی ہیں۔ اگر ریفائن آئل خریدا جائے گا تو وہ مہنگا ملے گا اور اس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریفائنری کو اپ گریڈ نہیں کیا، موٹر سائیکل چلانے والے لوگ لیوی کا بھتہ دے رہے ہیں۔ جب پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ جو بجلی پیدا کی گئی ہے، اس کی لاگت کم ہے، جبکہ جو بجلی پیدا نہیں کی گئی، اس کی لاگت زیادہ ہے۔ بجلی کا بل 201 یونٹ ہونے کی صورت میں بل چھلانگ لگا کر 10 ہزار روپے تک پہنچ جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جب صحیح عدالتی نظام آئے گا تو ان سب کا آڈٹ اور ٹرائل بھی ہوگا۔ آڈٹ اور ٹرائل ہوگا تو سب کے اثاثے سامنے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا کسی فرد کی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے ہے۔
لیوی کے نام پر جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے،منعم ظفر خان
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ لیوی کے نام پر لوگوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، جس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج دھرنے کا دوسرا دن شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کے مطالبات واضح ہیں اور آج دوپہر 3 بجے بڑی تعداد میں خواتین دھرنے میں شامل ہوں گی۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم کی جائے اور آئی پی پیز کا فارنزک آڈٹ ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی کے چاروں صوبوں میں دھرنے جاری ہیں اور مطالبات کی منظوری تک یہ دھرنے جاری رہیں گے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی، بجلی کے بلوں اور عوامی مسائل کے خلاف گورنر ہاؤس پر جماعتِ اسلامی کا دھرنا جاری ہے۔