عمران خان کوہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ میرٹ پر ہوا، پی ٹی آئی نے دیر کردی: رانا ثنا اللہ
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی سینیٹر رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو آزادانہ اور میرٹ پر مبنی قرار دے دیا۔
عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آزادانہ، حقائق کی بنیاد پر اور میرٹ پر ہے، پی ٹی آئی اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہی ہے اور عدالت بھی پی ٹی آئی کی تعریف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بڑی دیر کردی، یہی ایک سیدھا اور قانونی راستہ تھا۔ اگر پی ٹی آئی شروع سے احتجاج کرنے، جیل کا گھیراؤ کرنے یا ہزاروں افراد اکٹھے کرنے کی کوشش کے بجائے عدالت سے رجوع کرتی تو اسے پہلے بھی ریلیف مل سکتا تھا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی نے صحیح فورم پر اپنا کیس دائر کیا ہے اور عدالت نے بھی اس کے حق میں میرٹ پر فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ جب عدالت کوئی فیصلہ دے اور وہ اس کی پسند کا نہ ہو تو اس وقت بھی عدالت کا احترام کرے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور اہلِ خانہ و ڈاکٹروں سے ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔
سپریم کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو آج ہی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔