Breaking News

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی عمران کےغیرمتوازن بلڈ پریشر کی تصدیق ،انجیوگرافی کا مشورہ

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی عمران  کےغیرمتوازن بلڈ پریشر کی تصدیق ،انجیوگرافی کا مشورہ
۲۱ گھنٹے پہلے

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں عمران خان کے گزشتہ تین سال کے تمام طبی معائنوں کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے یکم اگست 2026ء کو بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ، سر درد، بے چینی، دل کی دھڑکن تیز ہونے اور شدید ذہنی تناؤ کی شکایت کی، جس پر پروفیسر پمز اسپتال اسلام آباد کے کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اختر علی بندیشہ نے ان کا طبی معائنہ کیا۔

 

معائنے کے دوران عمران خان کا بلڈ پریشر 140/100 mmHg ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فروری 2026ء میں اسی ڈاکٹر کے معائنے کے دوران ان کا بلڈ پریشر مکمل طور پر نارمل، یعنی 120/80 mmHg تھا۔

 

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نے اپنی سفارشات میں لکھا کہ قیدی عمران خان کا ذہنی تناؤ کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جن میں اہلیہ سے ملاقاتوں کے دورانیے میں اضافہ اور مطالعے کے لیے مواد فراہم کرنا شامل ہے۔

 

ڈاکٹر نے عمران خان کے دل کا تفصیلی معائنہ کرنے کے لیے سی ٹی کورونری اینجیوگرافی (CT Coronary Angiography) کرانے کا مشورہ بھی دیا اور بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے دوا کی مقدار بڑھاتے ہوئے نارواسک 5 ملی گرام (Tab. Norvasc 5mg) روزانہ صبح ایک مرتبہ دینے کی ہدایت کی۔

 

عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی دو صفحات پر مشتمل رپورٹ میں 24 صفحات پر مشتمل اخباری تراشے اور ڈاکٹروں کی جانب سے اب تک کیے گئے چیک اپ کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق عمران خان کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ اور طبی معائنہ کیا جاتا ہے، جبکہ متعدد سرکاری معالجین بھی ان کا معائنہ کر چکے ہیں۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرِ امراضِ چشم سے عمران خان کی آنکھ کا علاج بھی کرایا جاتا رہا ہے اور ایک آنکھ تقریباً نارمل ہو چکی ہے۔

 

رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 مختلف طبی ماہرین کی جانب سے کیے گئے چیک اپ کی سمری بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ نمٹا دیا جائے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل کو باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک 84 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں