Business

بجلی بم گرانے کی تیاری،41 ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کاامکان

بجلی بم گرانے کی تیاری،41 ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کاامکان
۵ گھنٹے پہلے

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) نے ملک بھر کے لیے بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔

 

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق سی سی پی اے نے یہ درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی ہے۔ درخواست کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 47 روپے 37 پیسے میں پیدا ہوئی۔

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی، جبکہ جولائی میں مجموعی بجلی پیداوار کا 10.78 فیصد ایل این جی سے حاصل ہوا۔ اسی دوران فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی اور فرنس آئل سے بجلی کی فی یونٹ لاگت 50 روپے 7 پیسے رہی۔

 

سی سی پی اے کی درخواست کے مطابق فرنس آئل سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔ پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جبکہ نیوکلیئر ذرائع سے فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔

 

نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی میں ڈیزل سے بھی بجلی پیدا کی گئی۔ ڈیزل سے 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جبکہ ڈیزل سے بجلی کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔

 

نیپرا کے مطابق سی سی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔ درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں