Pakistan

پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کو 15 سال کے لیے درآمدی پرزہ جات پر سیلز ٹیکس چھوٹ

پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کو 15 سال کے لیے درآمدی پرزہ جات پر سیلز ٹیکس چھوٹ
۲ منٹ پہلے

اسلام آباد: نجکاری کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کو درآمدی پرزہ جات پر سیلز ٹیکس چھوٹ ہوگی اور آئندہ بجٹ سے اس کا اطلاق ہو جائے گا۔ ٹیکس چھوٹ 15 سال کے لیے ہوگی، جبکہ قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کی سفارش پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

 

کمیٹی کو بتایا گیا کہ زرعی ترقیاتی بینک بھی نجکاری فہرست میں شامل ہے۔ نئے اور نجکاری کے حوالے سے مقرر کردہ فنانشل ایڈوائزر نے ٹرانزیکشن اسٹرکچر بنا دیا ہے اور زیڈ ٹی بی ایل کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر پر مشاورت جاری ہے۔ فنانشل ایڈوائزر نے سو فیصد نجکاری کی منظوری دی ہے، جبکہ چیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بہتری میں بڑی رکاوٹ پیٹرولیم لیوی ہے، اگر معیشت بہتر کرنی ہے تو لیوی کے حوالے سے سخت فیصلہ لینا ہوگا۔

 

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے سمیت تمام ایئرلائنز کو درآمدی پرزہ جات پر سیلز ٹیکس چھوٹ ہوگی اور آئندہ بجٹ سے اس کا اطلاق ہو جائے گا۔ حکام کے مطابق ٹیکس چھوٹ 15 سال کے لیے ہوگی، جبکہ قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کی سفارش پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

 

چیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بہتری میں بڑی رکاوٹ پیٹرولیم لیوی ہے، اگر معیشت بہتر کرنی ہے تو لیوی کے حوالے سے سخت فیصلہ لینا ہوگا۔

 

حکام نجکاری کمیشن نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک کو 2024 میں نجکاری فہرست میں ڈالا گیا تھا۔ فنانشل ایڈوائزر نے ٹرانزیکشن اسٹرکچر بنا دیا ہے اور زیڈ ٹی بی ایل کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر پر مشاورت جاری ہے۔ فنانشل ایڈوائزر نے سو فیصد نجکاری کی منظوری دی ہے، تاہم حکومت چاہتی ہے کہ اس کا کچھ شیئر حکومت کے پاس رہے، جس پر مشاورت جاری ہے۔

 

حکام کے مطابق کابینہ کمیٹی سے جب اسٹرکچر کی منظوری ہوگی تو پھر اگلے اقدام کی طرف جائیں گے۔ امید ہے زیڈ ٹی بی ایل کا ٹرانزیکشن پلان اسی ماہ منظور ہو جائے گا اور کوشش ہے کہ اسی مالی سال زیڈ ٹی بی ایل کی نجکاری ہو جائے۔

 

نجکاری حکام نے بتایا کہ نو ڈسکوز کو پرائیویٹ کرنا ہے اور انہیں چار بیچز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں فیسکو، آئیسکو اور میپکو کی نجکاری کی جائے گی۔ نجی شعبے کو ڈسکوز کے 51 سے 100 فیصد شیئرز آفر کیے جائیں گے۔ سات اگست فیسکو کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی کے نوٹس کی تاریخ تھی اور فیسکو کی نجکاری میں 12 نجی کمپنیوں کی جانب سے آفر کی گئی ہے، جبکہ تین ترک اور ایک چینی کمپنی نے بھی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

 

سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ ڈسکوز کی ریزرو پرائس بڈنگ والے دن فائنل کریں گے، جبکہ جو بڈرز کوالیفائی ہوں گے انہیں ڈسکوز کا ریکارڈ فراہم کیا جائے گا۔ کوشش ہوگی کہ ملازمین برقرار رہیں، تاہم بڈرز سے بات چیت کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔

 

سیکرٹری نجکاری کمیشن کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے پرانے لاسز موجود ہیں اور ڈسکوز کی بیلنس شیٹ میں لین دین کے کافی ایشوز ہیں۔ ڈسکوز کے پہلے بیچ کی بڈنگ کی تاریخ دسمبر 2026 ہے، جبکہ نجکاری کمیشن کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسکوز کے نقصانات نیپرا کے ہدف سے زیادہ ہیں۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں