Pakistan

عمران خان سے متعلق فیصلہ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا: مولانا فضل الرحمان

عمران خان سے متعلق فیصلہ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا: مولانا فضل الرحمان
۲۲ گھنٹے پہلے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

 

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق فیصلہ آیا ہے، یہ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا فیصلہ پی ٹی آئی کا اپنا ہے، وہ احتجاج جاری رکھتے ہیں یا ختم کرتے ہیں، یہ ان کا فیصلہ ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ایک معقول دوری ہونی چاہیے اور بلاوجہ تعصب، نفرت یا محض مخالفت برائے مخالفت سے گریز ضروری ہے۔ اپوزیشن کا بنیادی فرض ہے کہ وہ حکومت کی کمزوریوں کی نشاندہی کرے اور ان کی اصلاح میں کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے معاملے پر حمایت اور مخالفت کے درمیان واضح لکیر کھینچ دینے سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے تھوڑی بحث کرنے دیں، اس کی اصولی حیثیت، عملی حیثیت کیا ہے، یہ معلوم کرنے دیں، ماحول تیار ہے یا نہیں ہے، یہ معلوم کرنے دیں۔

 

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو اگلی سماعت تک شفاء ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کیا جائے اور ہسپتال کے باہر امن و امان کی صورتِ حال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں