Pakistan

عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی اور اہلِ خانہ سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے: خواجہ سعد رفیق

عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی اور اہلِ خانہ سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے: خواجہ سعد رفیق
۲۲ گھنٹے پہلے

پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی اور ان کی ہمشیرہ و ڈاکٹر کی ان سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے۔ اس فیصلے سے عدلیہ کا کھویا ہوا وقار بحال ہوگا۔

 

سچ یہ ہے کہ اس فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا ہے۔ اگر یہ فیصلہ خالصتاً عدالتی ہے تو معزز جج صاحبان مبارکباد کے مستحق ہیں، اگر اس میں ریاستی منشا شامل ہے تو بھی اسے سراہا جانا چاہیے۔

 

سابق وزیرِاعظم عمران خان کی صحت اور زندگی انتہائی اہم ہیں، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کی جماعت اور اہلِ خانہ کو بھی اس حوالے سے آئندہ محتاط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا ذمہ دارانہ رویہ اگلے راستے کھلنے کی صورت متعین کرسکتا ہے۔

 

ہم پہلے بھی ان صفحات پر عمران خان صاحب کے اہلِ خانہ کی ملاقاتوں پر پابندی کے خاتمے اور ان کی مرضی کے ڈاکٹرز تک ان کی رسائی کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

 

ہماری اطلاعات کے مطابق حکومت نے ان کے علاج کے لیے ماہر ڈاکٹرز مامور کیے رکھے ہیں اور علاج معالجے میں اپنے تئیں کوئی کمی نہیں کی، لیکن جیلیں بھگتنے والے جانتے ہیں کہ کوئی بھی شخص اتنا طویل عرصہ قیدِ تنہائی میں رکھا جائے گا تو اس کی صحت متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی۔

 

جیل اپنے قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ آپ بیتی بھی اور جگ بیتی بھی۔

 

اگر قیدی آپ کا سیاسی مخالف ہو تو اس کی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی اشد ضروری ہو جاتی ہے۔

 

بہتر ہوتا کہ حکومت یہ فیصلہ خود کرتی، بہرحال دیر آید درست آید کے مصداق اب فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عمران خان صاحب کے لیے آسانی کا معاملہ پیدا ہونے دیا جائے۔

 

ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر چیمہ، میاں محمود الرشید سمیت پی ٹی آئی کے باقی اسیران بھی ایسی توجہ کے حقدار ہیں۔

 

اس موقع پر طعنہ زنی، گالی گلوچ اور ان کے دورِ اقتدار کی سختیاں یاد کرنے یا دھرانے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے!!! 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں