اٹلی میں پہلی شہر سطح کی ٹی 10 کرکٹ لیگ کا انعقاد
کرکٹ کا خمار اب یورپ تک بھی پہنچنے لگا ہے، جہاں مختصر طرز کی کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ اسی سلسلے میں اٹلی کے دارالحکومت روم میں شہر کی سطح پر پہلی ٹی 10 کرکٹ لیگ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لیگ کا افتتاحی سیزن 7 سے 15 نومبر تک روم میں کھیلا جائے گا، جس میں چھ ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ ان ٹیموں کو اٹلی کے چھ معروف شہروں روم، میلان، فلورنس، نیپلز، وینس اور بولوگنا سے منسوب کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لیگ کا انعقاد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور اٹلی کرکٹ فیڈریشن کی منظوری سے کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کو 30 سے زائد ممالک میں براہِ راست نشر کیے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی کے منظور شدہ فریم ورک کے تحت قائم کی جانے والی اٹالیہ ٹی لیگ کا مقصد اٹلی اور یورپ میں کرکٹ کے مقام اور مقبولیت کو فروغ دینا، کھلاڑیوں اور کلبوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا اور ملکی سطح پر اعلیٰ معیار کا مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق ٹی 10 جیسے مختصر فارمیٹ کے ذریعے یورپ کے ان ممالک میں کھیل کو فروغ دینے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں جہاں کرکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ اٹلی میں اس نوعیت کی لیگ کا آغاز مقامی کھلاڑیوں، کلبوں اور شائقین کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔