Sports

پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز کی گیند کاٹ کر دوحصوں میں تقسیم

پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز کی گیند کاٹ کر دوحصوں میں تقسیم
۱ گھنٹے پہلے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے لیڈز ٹیسٹ میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جب دو انگلش بولرز کی جانب سے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر پہلی اننگز میں استعمال ہونے والی گیند کو درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔

 

یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی اننگز کے بعد گیند کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی ایک منفرد مثال ہے۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پانچ پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

 

ایک ہی اننگز میں دو بولرز کی جانب سے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کرنا کم دیکھنے کو ملتا ہے۔ عام طور پر ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر میچ کی گیند کو یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھتا ہے۔

 

تاہم لیڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے بعد جوش ٹنگ نے اولی رابنسن کو گیند کے دو ٹکڑے کرنے کی منفرد تجویز دی۔ پویلین جاتے ہوئے جوش ٹنگ نے کہا کہ ہمیں گیند آدھی آدھی تقسیم کر لینی چاہیے۔

 

اس پر اولی رابنسن نے جواب دیا کہ کیا واقعی ہمیں ایسا کرنا چاہیے؟ میرے خیال میں یہ کافی زبردست ہوگا۔

 

ڈریسنگ روم پہنچنے کے بعد جوش ٹنگ نے گراؤنڈ اسٹاف سے پوچھا کہ کیا گیند کو درمیان سے کاٹ کر دو برابر حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

 

اولی رابنسن نے بتایا کہ تھوڑی دیر بعد حیران کن طور پر گراؤنڈ اسٹاف گیند کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے لے آیا۔

 

اولی رابنسن کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کی آدھی گیند جیسی یادگار روز روز نہیں ملتی، اس لیے یہ ایک ایسی خاص یادگار ہے جسے وہ دونوں کبھی نہیں بھولیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں