Breaking News

ٹک ٹاک صارفین جلد اپنے دوستوں کو ڈائریکٹ میسجز سے رقم بھی بھیج سکیں گے

ٹک ٹاک صارفین جلد اپنے دوستوں کو ڈائریکٹ میسجز سے رقم بھی بھیج سکیں گے
۱ منٹ پہلے

ٹک ٹاک میں صارفین بہت جلد اپنے دوستوں کو رقم بھی بھیج سکیں گے۔ بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ایک ایسے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایک دوسرے کو ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) کے ذریعے رقم بھیج سکیں گے۔ جب بھی اس فیچر کو متعارف کرایا جائے گا تو کمپنی کی جانب سے ٹک ٹاک پے کے ذریعے یہ سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ ٹک ٹاک پے سروس پہلے ہی جنوب مشرقی ایشیا میں ٹک ٹاک شاپ سے خریداری کے لیے دستیاب ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا کوڈ امریکا میں آئی فونز کے لیے ٹک ٹاک ایپ کے اندر نظر آیا ہے۔ اس کوڈ سے عندیہ ملا ہے کہ رقم بھیجنے والا صارف پیمنٹ کے ساتھ میسج بھی شامل کر سکے گا۔ کمپنی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش نہیں کی جا رہی، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب اور کن ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے مالیاتی سروسز کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ 2026 کے آغاز کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے برازیل کے مرکزی بینک میں درخواست جمع کرائی تھی تاکہ وہ مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر قرضوں اور پیمنٹ سروسز کی سہولت صارفین کو فراہم کر سکے۔

 

اگرچہ ٹک ٹاک کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم قرار دیا جاتا ہے، تاہم کمپنی بتدریج دیگر شعبوں میں بھی قدم جما رہی ہے، جن میں سرچ، ٹک ٹاک شاپ، ڈسکوری میپ، گیمز اور ہوٹل بکنگ شامل ہیں۔ پیمنٹ سروس فراہم کرکے ٹک ٹاک اس شعبے میں موجود دیگر کمپنیوں کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں