بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، 49 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کارروائیاں کرتے ہوئے 49 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں۔
بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر اضلاع میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات قبضے میں لے کر تلف کر دیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں۔ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔