Pakistan
محسن نقوی کی اے سی سی کے نو منتخب نائب صدر اور ایگزیکٹو بورڈ ارکان کو مبارکباد
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے نو منتخب نائب صدر اور ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایشیا میں کرکٹ ہمیشہ ایک کھیل سے بڑھ کر رہی ہے، یہ مختلف ممالک، ثقافتوں اور نسلوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے ادارے کی بہتر حکمرانی اور کھیل کے مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دی۔
اجلاس میں اگلے سال بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو ممکنہ میزبان شہروں کے طور پر تجویز کیا گیا۔