امریکا نے 47 برس بعد شام کو دہشتگردریاستوں کی فہرست سے نکال دیا
امریکا نے 47 برس بعد شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستوں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔
امریکی حکومت نے کہا ہے کہ اس اقدام سے شام میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور عالمی معیشت میں اس کی دوبارہ شمولیت کی راہ میں حائل آخری بڑی رکاوٹ بھی دور ہو گئی ہے۔
وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ فیصلہ شامی حکومت کی جانب سے خود کو بین الاقوامی دہشت گردی کی کارروائیوں سے مکمل طور پر الگ کرنے کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے شامی عوام کو ’’خوشحالی کی جانب ایک راستہ‘‘ ملے گا۔
امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں شام میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور سیاسی و اقتصادی استحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب شامی وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے امریکا کے اس اعلان کو ’’ایک تاریخی قدم‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی حکومت شفافیت، باہمی مفادات اور احترام پر مبنی ماحول کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گی۔