حزبِ اختلاف تحریک عدم اعتماد لائے گی توسہولت فراہم کرینگے،ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اگر حزبِ اختلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے گی تو اسے سہولت فراہم کریں گے۔ وزیرِ اعظم یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانا اپوزیشن کا حق ہے۔
انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ کے احاطے میں زیتون کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی ذمہ داری نہیں کہ ایوان کا کورم مکمل کرے، کورم مکمل کرنا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں بہتری آئی اور تمام لوگ موجود تھے، امید ہے کہ کل مزید بہتری آئے گی اور کورم مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فورم اپنے اپنے علاقوں کے مسائل پر بات کرنے کے لیے ہے، اسے خالی چھوڑنا مناسب نہیں۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق اتحاد کیا ہے جو اچھی چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کمیٹیوں سے استعفے میں نے ابھی تک قبول نہیں کیے، میری یہی خواہش ہے کہ میں کمیٹیوں سے ان کے استعفے قبول نہ کروں۔