Breaking News

گوگل میپس کا نیا پاور سیونگ فیچر، کم بیٹری میں بھی نیوی گیشن زیادہ دیر چلانے میں مدد دے گا

گوگل میپس کا نیا پاور سیونگ فیچر، کم بیٹری میں بھی نیوی گیشن زیادہ دیر چلانے میں مدد دے گا
۱ منٹ پہلے

اگر آپ گوگل میپس استعمال کر رہے ہوں اور اچانک اسمارٹ فون کی بیٹری ختم ہونے کے قریب پہنچ جائے تو یہ صورتحال خاصی پریشان کن ہو سکتی ہے، تاہم بہت جلد اس مسئلے سے نجات ملنے کا امکان ہے۔

 

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل، میپس کے لیے ایک نئے پاور سیونگ موڈ فیچر پر کام کر رہا ہے۔

 

اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ بیٹری ختم ہونے کے قریب پہنچنے کی صورت میں بھی گوگل میپس فون پر زیادہ دیر تک کام کرتا رہے۔

 

یہ فیچر ابھی گوگل میپس کی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق پاور سیونگ موڈ پر سوئچ کرنے کے بعد گوگل میپس کا رنگین یوزر انٹرفیس ایک سادہ بلیک اینڈ وائٹ ویو میں تبدیل ہو جائے گا۔

 

اس موڈ میں گوگل میپس کی متعدد تفصیلات غائب ہو جائیں گی اور صرف ضروری نیوی گیشن معلومات، جیسے اگلا موڑ اور باقی رہ جانے والا سفری وقت، اسکرین پر دکھائی دے گا۔

 

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاور سیونگ موڈ میں اسکرین مونوکروم ہو جائے گی، جبکہ گلیوں کے نام اور ٹریفک سے متعلق رنگ بھی غائب ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ آن اسکرین ٹیکسٹ بھی کم کر دیا جائے گا تاکہ بیٹری لائف کو بڑھایا جا سکے۔

 

رپورٹ کے مطابق پاور سیونگ موڈ کو فعال کرنے کا طریقہ کار بھی کافی غیر معمولی ہوگا۔

 

یہ موڈ اس وقت فون کے فزیکل پاور بٹن کو پریس کرنے سے فعال ہوگا جب گوگل میپس ایپ نیوی گیشن موڈ میں چل رہی ہوگی۔

 

ابھی تک گوگل کی جانب سے پاور سیونگ موڈ فیچر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

 

اسی لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے باضابطہ طور پر کب متعارف کرایا جائے گا۔

 

فی الحال یہ فیچر بیٹا کوڈ میں چھپا ہوا ہے اور مستقبل میں اس میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں