Entertainment

سلمان خان کو دھمکیاں دینے کے پیچھے کوئی گینگ نہیں تھا، ممبئی پولیس کا حیران کن انکشاف

سلمان خان کو دھمکیاں دینے کے پیچھے کوئی گینگ نہیں تھا، ممبئی پولیس کا حیران کن انکشاف
۱ منٹ پہلے

ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو مبینہ طور پر دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرنے کی کوشش کے معاملے میں اہم انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے دھمکی کا تاثر دینے کے لیے جعلی شناخت اور فرضی واٹس ایپ چیٹس تیار کیں۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران واٹس ایپ چیٹس میں متعدد تضادات سامنے آئے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملزم کے دعوؤں کی تصدیق نہ کر سکی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے سلمان خان کو خوفزدہ کرنے اور ان سے رقم بٹورنے کے مقصد سے دھمکی کا پورا معاملہ گھڑا تھا۔

 

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے الیکٹرانک ذرائع سے جعلی شناخت اور واٹس ایپ پیغامات تیار کیے۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر باندرہ سی فرنٹ کے قریب چھپائے گئے 2 موبائل فون بھی برآمد کر لیے، جبکہ مبینہ جعلی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس بھی گواہوں کی موجودگی میں قبضے میں لے لیے گئے۔

 

پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم کو بہار کے علاقے سیوان سے تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار بھارتی روپے PhonePe کے ذریعے موصول ہوئے، جس کے بعد یہ رقم باندرہ میں ایک منی ٹرانسفر ایجنٹ کے ذریعے نقد وصول کی گئی۔

 

ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 336(3)، 351(3)، 353(2)، 271، 340 اور 248، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات 66(C) اور 66(D) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

ممبئی پولیس کے مطابق تحقیقات تاحال جاری ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مبینہ جعلی دھمکی اور بھتہ خوری کی سازش میں ملزم اکیلا ملوث تھا یا اس کے ساتھ مزید افراد بھی شامل تھے۔

 

دوسری جانب سلمان خان آئندہ ریئلٹی شو ’’بگ باس ہندی سیزن 20‘‘ کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہیں، جس کا پریمیئر 6 ستمبر کو متوقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں