بگ بیش لیگ میں متعدد تبدیلیاں، غیر ملکی کھلاڑیوں کو لازمی رکھنے کی شرط ختم
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں اوورسیز کیٹگری کے خاتمے سمیت متعدد اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ بیش لیگ میں کی گئی تبدیلیوں کے بعد مینز اور ویمنز کے آئندہ 2 سیزنز میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو لازمی طور پر اسکواڈ میں شامل رکھنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بی بی ایل میں کم از کم 2 یا 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کو رکھنے کی شرط تھی۔
اس کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک کھلاڑی کو گولڈ یا پلاٹینم کیٹگری میں رکھنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ گولڈ کیٹگری کے کھلاڑی کو 3 لاکھ ڈالر جبکہ پلاٹینم کیٹگری کے کھلاڑی کو 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر ملتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بی بی ایل میں ڈرافٹ سسٹم ختم کرکے اوپن مارکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کلبز کے لیے کنٹریکٹ ونڈو کھولنے کا بھی امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے عائد شرط ختم ہونے سے مقامی کھلاڑیوں کو مالی طور پر فائدہ ہوگا۔
گزشتہ قوانین کے تحت کلبز کے ٹاپ 6 مارکی کھلاڑیوں کی مجموعی تنخواہ 17 لاکھ ڈالر مقرر تھی۔ اگلے سیزن میں مارکی پلیئرز کی کیٹگری کو کم کرکے 4 کھلاڑیوں تک محدود کر دیا جائے گا۔
آفیشلز کے مطابق اس فیصلے سے بہترین کھلاڑیوں کو زیادہ کمانے کا موقع ملے گا، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔