ایشین گیمز ،جاپان کورہائشی انتظام میں مشکلات،اضافی شرکاء کواپناانتظام خود کرنے کی ہدایت
جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 میں شرکاء کی تعداد بڑھ جانے کے باعث منتظمین کو رہائش کے انتظام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ بجٹ اور گنجائش نہ ہونے کے باعث اضافی شرکاء کو اپنی رہائش کا انتظام خود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایشین گیمز میں شرکاء کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ کر 17 ہزار ہو گئی ہے، جس کے باعث اضافی شرکاء کے لیے رہائش کا بندوبست مشکل ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق اضافی شرکاء کے لیے نہ بجٹ موجود ہے اور نہ ہی رہائش کی گنجائش، اس لیے انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رہائش کا انتظام خود کریں۔
تقریباً 4 سے 5 ہزار کھلاڑی کروز شپ میں قیام کریں گے، جبکہ 2 ہزار کھلاڑیوں اور حکام کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔
ایشین گیمز کے لیے باقاعدہ ایتھلیٹس ولیج قائم نہیں کیا گیا، تاہم کھلاڑیوں اور حکام کے لیے کنٹینر طرز کی عارضی رہائش تیار کی گئی ہے۔
دیگر شرکاء کو مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا، جبکہ کچھ شرکاء کی رہائش ٹوکیو میں بھی ہوگی۔
اولمپک کونسل آف ایشیا سے شرکاء کی تعداد کم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
منتظمین نے 15 ہزار افراد کی میزبانی کے لیے بجٹ مختص کیا تھا، تاہم شرکاء کی تعداد 17 ہزار تک پہنچنے کے بعد اضافی افراد کو رہائش فراہم کرنا وقت اور گنجائش دونوں لحاظ سے مشکل ہو گیا ہے۔