ورلڈ کپ ہاکی: جنوبی افریقا کو شکست، پاکستان نے 11ویں پوزیشن حاصل کرلی
چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا اختتام 11ویں پوزیشن پر کیا۔ پاکستان نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ ڈرا رہا۔
ایمسٹلوین میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 11ویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلا گیا۔ جنوبی افریقا نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کی اور دوسرے کوارٹر میں ایک اور گول کرکے اسکور 2-0 کردیا، تاہم پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے 2 گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ پہلے افراز نے گول کیا جبکہ اس کے بعد محمد حماد نے گول کرکے اسکور 2-2 کردیا۔
ہاف ٹائم تک مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی، تاہم 8 منٹ بعد جنوبی افریقا نے گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر 3-3 سے برابر کردیا۔
کھیل کے اختتام سے 5 منٹ قبل جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے دوبارہ برتری حاصل کرلی، تاہم میچ کے آخری سیکنڈ میں حماد الدین نے گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا اختتام 11ویں پوزیشن پر کیا۔