Breaking News

ترک وزیر دفاع کی خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں

ترک وزیر دفاع کی خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
۱۲ گھنٹے پہلے

استنبول میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلے اجلاس سے قبل ترکی کے وزیر دفاع یشار گولر نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفینس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

 

ترکی کی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان ملاقاتوں کی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔

 

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق خواجہ آصف اور ترکی کی قیادت نے ملاقاتوں کے دوران باہمی دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 

خیال رہے کہ ترکی، سعودی عرب اور پاکستان کی جانب سے 7 اگست کو قائم کیے گئے مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا اجلاس آج، 31 اگست کو استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔

 

تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ افواج پر مشتمل اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی اتحاد کے لیے لائحۂ عمل تیار کرے گی اور عسکری امور میں تعاون کے عملی اقدامات کا جائزہ لے گی۔

 

ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق استنبول میں ہونے والے اجلاس میں ترکیہ کی نمائندگی وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، وزیرِ دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو کریں گے۔

 

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفینس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔

 

سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں