Breaking News

اسلام آباد ،راولپنڈی میں طوفانی بارش،متعددعلاقے ڈوب گئے،سکولوں میں چھٹی

اسلام آباد ،راولپنڈی میں طوفانی بارش،متعددعلاقے ڈوب گئے،سکولوں میں چھٹی
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش  سے متعددعلاقے ڈوب گئے، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا،راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔ بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، قریبی آبادیوں کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

 

کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر ساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد گوالمنڈی سے ملحقہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ راجہ بازار، جامع مسجد روڈ اور امام باڑہ چوک میں بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا، جبکہ آریہ محلہ، ملت کالونی، جاوید کالونی اور ڈھوک کھبہ سمیت متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

 

چوہدری روڈ، سروس روڈ صادق آباد، ڈھوک کالا خان اور موچی بازار میں بھی پانی جمع ہوگیا، جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو انخلا کی ہدایت کردی گئی۔ پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں اور فوجی کالونی میں گھروں میں پانی بھر گیا، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی ڈوب گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی زیرِ آب آگیا۔

 

شہر کی مرکزی شاہراہ مری روڈ پر بھی جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ نے موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

 

سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 195 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔حکام کے مطابق نیو کٹاریاں میں 180 ملی میٹر، گولڑہ میں 157 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 146 ملی میٹر، سیدپور میں 97 ملی میٹر، پیرودھائی میں 86 ملی میٹر، کچہری میں 70 ملی میٹر جبکہ بوکرہ میں 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ سفر کے لیے اضافی وقت لے کر نکلیں، گاڑی اور موٹرسائیکل کی رفتار کم رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

 

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال اور مسلسل بارشوں کے پیش نظر اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

 

شہریوں کو خصوصاً نشیبی علاقوں، برساتی نالوں، ندی نالوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ندی نالوں میں نہانے یا تیراکی سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے، جبکہ والدین بچوں کی خصوصی نگرانی یقینی بنائیں اور انہیں ایسے مقامات پر جانے یا کھیلنے سے روکیں۔

 

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر فوری عمل کریں۔ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کا محتاط رویہ انہیں اور ان کے خاندانوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

 

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں۔ شہری مزید ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

 

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خصوصاً ای الیون میں چند ہی منٹوں کے دوران 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونے کے بعد نالہ اوورفلو کرگیا، جس کے باعث پانی سڑکوں پر آگیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے سے سیل کی گئی چند بیسمنٹس میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

 

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر نگرانی متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ D-12/2 میں حفاظتی دیوار گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

 

ایکسپریس ہائی وے سمیت متعدد شاہراہوں پر پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے، جہاں ٹریفک پولیس کی مدد سے صورتحال کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

 

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

 

بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں