ہزارہ ڈویژن کا نوجوان 725 کلومیٹر پیدل سفر کرکے چین کی سرحد پر پہنچ گیا
ہزارہ ڈویژن کی یونین کونسل پلک، گاؤں پلک کوٹلی ضلع ایبٹ آباد کے ایک نوجوان نے 725 کلومیٹر پیدل سفر کرکے چین کی سرحد پر واقع خنجراب پاس پہنچ کر ایک منفرد ریکارڈ قائم کردیا۔
یونین کونسل پلک کے گاؤں پلک کوٹلی سے تعلق رکھنے والے نوجوان مہتاب تماس عباسی نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سنگم خیرا گلی سے 2 اگست کواپنے پیدل سفر کا آغاز کیا تھا اور براستہ ایبٹ آباد،مانسہرہ، کاغان، ناران، بابوسر ٹاپ، چلاس اور ہنزہ 725 کلومیٹر کا سفر 23 دن میں طے کرکے خنجراب پاس پہنچے۔
مہتاب تماس خطہ کوہسار اور ہزارہ ڈویژن کے پہلے نوجوان ہیں جنہوں نے یہ سفر پیدل طے کیا۔ خنجراب پاس پہنچنے پر انہوں نے اعلان کیا کہ اگر اللہ نے انہیں وسائل دیے تو ان کا اگلا سفر سائیکل پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے کا ہوگا۔
اس کامیاب اور منفرد پیدل سفر پر علاقے کے لوگوں، سماجی و سیاسی رہنماؤں نے مہتاب تماس عباسی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اس حوالے سے مہتاب تماس عباسی نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ کوئی ایسا منفرد کام سرانجام دیں جو یاد رکھا جائے اور اللہ کی مدد سے وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ راستے میں انہیں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن منزل تک پہنچنے کے عزم نے انہیں اس سفر میں کامیابی دلائی۔