سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، چاغی اور پشین میں 21 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار شہید
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کی پرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے اور بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مربوط حملے کے ذریعے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کو جاری رکھنا تھا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 6 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرد و نواح کے علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کے تحفظ کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی میں فتنہ الخوارج کا اہم کارندہ ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گرد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول برآمد کیا گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔