World

کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیشیئرز کو پگھلانے کی وجہ بن رہے ہیں:تحقیق

کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیشیئرز کو پگھلانے کی وجہ بن رہے ہیں:تحقیق
۱۷ گھنٹے پہلے

ایک نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف کیا گیا ہے کہ ہر سال نیپال جانے والے ہزاروں کوہ پیما دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے گلیشیئرز کو پگھلانے کی وجہ بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے اس چوٹی کے گلیشیئرز کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

 

ریسرچ جرنل ریجنل انوائرنمنٹل چینج میں شائع ہونے والی تحقیق میں ماؤنٹ ایورسٹ کے نیپال میں واقع بیس کیمپ کے علاقے کھمبو گلیشیئرز کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

 

تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ بیس کیمپ میں جلائے جانے والے ایندھن اور گلیشیئرز پر براہ راست پیشاب سالانہ 2500 ٹن برف اور گلیشیئرز پگھلنے کا باعث بن رہا ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرمیوں کے موسم میں چوٹی سر کرنے کے دوران ہزاروں کوہ پیما، گائیڈز اور کیمپ پر دیگر عملہ موجود ہوتا ہے، جہاں سیاحوں کی بستی قائم ہوتی ہے۔

 

اس بستی میں ایسپریسو کیفے، لارج اسکرین ٹی وی، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، گرم شاورز اور گرم ٹینٹ لگائے جاتے ہیں۔

 

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ صرف 2023 کے موسم گرما میں 50 روز کے دوران کھانا پکانے، گرم رہنے اور بجلی کی ضروریات کے لیے ایل پی جی گیس کے 824 کنستر، 18 ہزار 935 لیٹر مٹی کا تیل اور 5 ہزار 130 لیٹر پٹرول استعمال کیا گیا۔

 

اسی طرح انسانی پیشاب (یورین) سمیت مجموعی طور پر خارج ہونے والی حرارت 8 لاکھ 49 ہزار 174 میگاجولز بنتی ہے، جو ایک اندازے کے مطابق 2 ہزار 492 ٹن گلیشیئرز اور برف پگھلانے کے لیے کافی ہوتی ہے۔

 

تحقیق کے مطابق غلطی کے ممکنہ تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مقدار 1964 سے 3 ہزار 20 ٹن تک ہو سکتی ہے۔

 

اتنی مقدار میں پانی ایک اولمپک سائز کے سوئمنگ پول کو بھرنے کے لیے کافی ہوسکتا ہے، یا تقریباً 83 ٹینکر ٹرک یا 16 ہزار 700 عام سائز کے باتھ ٹب کے برابر ہوسکتا ہے۔

 

تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی پیشاب اپنی نوعیت میں مخصوص حرارت پیدا کرنے کے ذریعے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

 

کوہ پیما اور گائیڈز انتہائی بلندی پر ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے بڑی مقدار میں پانی پیتے ہیں اور سب ملا کر روزانہ 6 ہزار لیٹر پیشاب خارج کرتے ہیں۔

 

تحقیق کاروں نے بتایا کہ ایورسٹ سے سخت فضلہ جمع کرکے نیچے لے جایا جاتا ہے، تاہم پیشاب کی بڑی مقدار براہ راست گلیشیئر پر جذب ہوجاتی ہے۔

 

اندازہ ہے کہ صرف پیشاب سے پیدا ہونے والی حرارت ایک ہی سیزن کے دوران تقریباً 154 ٹن برف پگھلا سکتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں