ابھی نندن نجی پائلٹ بن گئے،مسافر خود کو بخشوا لیں، پیراشوٹ ساتھ رکھیں: سوشل میڈیا پر تبصرے
فروری 2019 میں پاک فضائیہ کی طرف سے مار گرائے گئے بھارتی طیارے کے پاکستان کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے انڈین پائلٹ ابھینندن نے بھارت کی ایئر فورس سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے کر ایک نجی علاقائی ایئر لائن میں بطور کمرشل پائلٹ شمولیت اختیار کر لی۔تاہم ان کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر صارفین نے طنز و مزاح کا ایک تابڑ توڑ سلسلہ شروع کر دیا۔
انہوں نے بھارتی مسافروں کو کہا ہے کہ وہ ابھینندن کے طیارے میں سوار ہونے سے پہلے خود کو بخشوا لیں اور اپنی انشورنس بھی لازمی کروا لیں، جبکہ بعض نے مشورہ دیا ہے کہ مسافر پیرا شوٹ بھی ساتھ لے کر سوار ہوا کریں، کوئی پتا نہیں کب ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ ابھینندن نے رواں برس مارچ کے اختتام پر بھارتی فضائیہ کو خیرباد کہا تھا اور اگست میں وہ نجی ایئر لائن کا حصہ بنے۔
تاہم ایئر لائن کے ترجمان نے کسی بھی ملازم کی ذاتی معلومات فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اسے ان کا ذاتی معاملہ قرار دیا ہے۔
مارچ 2024 میں قائم ہونے والی یہ ایئر لائن ’ATR 72-600‘ طیاروں کا فلیٹ چلاتی ہے اور اس کے اہم مرکزی اڈے گوا اور حیدرآباد میں واقع ہیں۔
ابھینندن کی جانب سے نجی ایئر لائن میں شمولیت کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے طرح طرح کے پرمزاح اور طنزیہ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے اس پیشرفت پر طنز کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت اور سفر کی سلامتی کے حوالے سے تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ابھینندن کا سابقہ ریکارڈ دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ ’گوا ایئر لائنز‘ کا مستقبل کچھ خاص محفوظ نظر نہیں آتا۔
لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا ایئر لائن اپنے سیفٹی اسٹینڈرڈز اور مسافروں کے اعتماد کو برقرار رکھ سکے گی؟
بعض صارفین نے مذاقاً یہ بھی لکھا کہ مسافروں کو دورانِ پرواز پیراشوٹ ساتھ رکھنے یا ہنگامی لینڈنگ کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔
اب ابھینندن گروپ کیپٹن کے عہدے سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں اور ایک مقامی روٹ کی ایئر لائن میں تعینات ہیں، جس کے پاس محض 4 فعال ’اے ٹی آر 42‘ (ATR 42) ٹربو پروپ انجن والے طیارے ہیں۔