Pakistan

راولپنڈی، ایک اور خاتون سسرال میں قتل، شوہر، گھریلو ملازم گرفتار

راولپنڈی، ایک اور خاتون سسرال میں قتل، شوہر، گھریلو ملازم گرفتار
۱۰ گھنٹے پہلے

راولپنڈی میں حنا جاوید کے قتل کے بعد ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اڈیالہ روڈ کے علاقے میں شادی شدہ خاتون سندس خان کو سسرال میں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے مبینہ طور پر اس واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش بھی کی گئی۔

 

یہ واقعہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں واقع حبیب لائن، اڈیالہ روڈ پر پیش آیا۔

 

مقتولہ سندس خان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا اور ان کی شادی 2 سال قبل تنویر نامی شخص سے ہوئی تھی۔ دونوں کا ایک سال کا بیٹا بھی ہے۔

 

مقتولہ کے بھائی محمد ابراہیم کے مطابق، اس کا بہنوئی تنویر دبئی میں ملازمت کرتا تھا اور 4 ماہ قبل ہی پاکستان واپس آیا تھا۔ شادی کے بعد سے دونوں میاں بیوی کے درمیان ناچاقی رہتی تھی۔ مبینہ طور پر شوہر کی جانب سے گزشتہ کچھ دنوں سے سندس کو شدید ذہنی اور جسمانی دباؤ میں رکھا گیا تھا۔

 

راولپنڈی میں چند ہی دن قبل حنا جاوید کے قتل کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا، جس میں شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کیا گیا تھا۔ حنا جاوید کے واقعے کے بعد سندس خان کے مبینہ قتل نے شہر میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد اور جرائم کے حوالے سے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر تشویش کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔

 

پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں