راولپنڈی، آن لائن فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن، 28 گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) راولپنڈی نے آن لائن فراڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 28 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ یہ منظم گروہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو مبینہ طور پر مالی فراڈ کا نشانہ بنا رہا تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ گروہ ٹیلی گرام اور فیس بک پر خواتین کی جعلی پروفائلز بنا کر شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا۔ معصوم شہریوں کو جعلی ای کامرس پورٹلز اور پرکشش سرمایہ کاری اسکیموں کا لالچ دے کر ان سے بھاری رقوم ہتھیائی جاتی تھیں، جس کے باعث متعدد افراد کو شدید مالی نقصان پہنچا۔
چھاپے کے دوران مجموعی طور پر 28 مبینہ ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران موقع سے بڑی تعداد میں کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے، جنہیں فارنزک آڈٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔
انکوائری کے مطابق پورے کال سینٹر کو مبینہ طور پر ایک چینی شہری چلا رہا تھا، جسے اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔ مذکورہ چینی شہری کارروائی سے قبل ہی روپوش ہوگیا، جبکہ حکام اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر مسلسل چھاپے مار رہے ہیں۔
گرفتار افراد کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کی دفعہ 14 اور تعزیراتِ پاکستان (PPC) کی دھوکہ دہی اور جعلی سازی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 1916/2026 درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔