Breaking News

آزاد کشمیر، شرپسندوں کی فائرنگ، ایف سی جوان شہید، رینجرز اہلکار زخمی

آزاد کشمیر، شرپسندوں کی فائرنگ، ایف سی جوان شہید، رینجرز اہلکار زخمی
۱۶ گھنٹے پہلے

آزاد کشمیر میں فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں کی فائرنگ سے ایف سی جوان شہید جبکہ رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔

 

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق چھترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی، ضلع باغ، اور تراڑکھل ایکسز پر فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ حملے میں ایف سی اہلکار رحیم گل شہید جبکہ پاکستان رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

 

ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف، 3 میگزین بمع ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔

 

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی حقوق کی آڑ میں فسادی شرپسند پُرتشدد کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی اور ملزمان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں