Breaking News

جنوبی کوریا خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے دور رہے: ایران

جنوبی کوریا خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے دور رہے: ایران
۱ منٹ پہلے

ایران نے جنوبی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ وہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے دور رہے۔

 

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی عوام اس وقت امریکی جارحیت کے خلاف دفاع میں مصروف ہیں، جبکہ خلیج فارس یا آبنائے ہرمز میں کسی بھی ملک کی فوجی موجودگی کو جارحیت تصور کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ ایران اور جنوبی کوریا کے تعلقات 64 سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں۔

 

اسماعیل بقائی نے کہا کہ کسی بھی خودمختار ملک کو امریکی دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے خطے پر وحشیانہ جنگ مسلط کی اور اب اس کی قیمت پوری دنیا سے ادا کروانے کی توقع کر رہا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے سے قبل آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہوئی تھی، تاہم امریکا کی جارحیت کے نتیجے میں تجارتی جہاز رانی کا نظام متاثر ہوا اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 

ایرانی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا دنیا کے سامنے اپنے ہی پیدا کردہ خلل کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے صرف ایران کو خطے میں افراتفری کا ذمہ دار قرار دینا سراسر مضحکہ خیز ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں