یو اے ای نے اسرائیل کو حماس کے حملے سے خبردار کیا تھا: اسرائیلی اخبار
ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے 7 اکتوبر کے حماس حملے سے کئی روز قبل اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو ممکنہ بڑے حملے کے بارے میں خبردار کردیا تھا، تاہم اسرائیلی وزیراعظم نے اس انتباہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حماس کے 7 اکتوبر کے حملے سے تقریباً 10 روز قبل متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے نیتن یاہو کو آگاہ کیا تھا کہ حماس رہنما یحییٰ سنوار ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اماراتی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو ممکنہ بڑے پیمانے پر خونریزی اور خطرناک سیکیورٹی صورتحال سے متعلق بھی خبردار کیا تھا، لیکن نیتن یاہو نے مبینہ طور پر اس وارننگ کو مسترد کردیا۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو نے اماراتی صدر کی جانب سے ملنے والی اس اطلاع سے اسرائیل کے سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کو بھی آگاہ نہیں کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مصر کے انٹیلی جنس چیف نے بھی اسرائیلی وزیراعظم کو حماس کی جانب سے ممکنہ بڑے حملے کے خطرے سے خبردار کیا تھا، تاہم نیتن یاہو نے مبینہ طور پر اس انتباہ کو بھی سیکیورٹی بریفنگ کا حصہ نہیں بنایا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اماراتی صدر کی مبینہ وارننگ سے متعلق اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دے دیا ہے۔
نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کے حملے سے قبل اسرائیلی وزیراعظم اور اماراتی صدر محمد بن زاید کے درمیان اس حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی تھی۔