مسرت مصباح کے شوہر کیساتھ بنائے گئے سکینڈل کے اثرات کیریئر پر پڑے: جیا علی
ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں سامنے آنے والے ایک پرانے تنازع پر پہلی بار تفصیل سے بات کرتے ہوئے ان الزامات کی وضاحت کی ہے جن میں ان کا نام معروف بیوٹیشن، کاروباری شخصیت اور سماجی کارکن مسرت مصباح کے سابق شوہر کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
جیا علی نے اپنے کیریئر کا آغاز مسرت مصباح کے سیلون سے کیا تھا، جہاں وہ انتہائی کم عمری میں کام کرتی تھیں۔ اداکارہ کے مطابق اس وقت ان کی عمر صرف 18 برس تھی۔
بعد ازاں جیا علی کو سیلون کی ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جس کے بعد ان کا نام مسرت مصباح کے شوہر عامر کے ساتھ منسوب کیا جانے لگا اور یہ معاملہ شوبز حلقوں میں ایک اسکینڈل کی صورت اختیار کرگیا۔
تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب مسرت مصباح اور عامر کی ازدواجی زندگی ختم ہوگئی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے کہا کہ مسرت مصباح اپنی ازدواجی زندگی میں پیدا ہونے والے مسائل کی وجہ سے انہیں بعض معاملات سے روکنے کی کوشش کرتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ اس وقت بہت کم عمر تھیں اور ان حالات، تنازعات اور ان کے پس منظر کو مکمل طور پر سمجھنے کی پوزیشن میں نہیں تھیں۔
جیا علی نے کہا کہ بعد میں جب مسرت مصباح اور ان کے شوہر کے درمیان طلاق ہوگئی تو چونکہ وہ اس وقت ایک نوجوان ماڈل تھیں، اس لیے ان کا نام مسرت مصباح کے شوہر کے ساتھ جوڑ کر ایک سکینڈل کھڑا کردیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس تنازع کے اثرات ان کے پیشہ ورانہ کیریئر پر بھی پڑے اور بعض مقامات پر ان کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
جیا علی کا کہنا تھا کہ مشکلات اور تنازعات کے باوجود انہوں نے اپنا کیریئر جاری رکھا اور بعد ازاں ماڈلنگ اور اداکاری دونوں شعبوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔